اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ عمر ایوب کو اپوزیشن لیڈر مقرر کر دیا

پاکستان نیوز پوائنٹ
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ عمر ایوب کو اپوزیشن لیڈر مقرر کر دیا، جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا جبکہ عمر ایوب نے کہا کہ حکومت غلط پالیسی پرتنقید کریں گے اوران کا احتساب کریں گے۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے تقرر کا مرحلہ مکمل ہو گیا، صرف عمر ایوب نے درخواست جمع کرائی، اسپیکر آفس کی جانب سے بلانے پر عمر ایوب نے پارٹی رہنما بیرسٹر گوہر اور عامر ڈوگر سمیت اسپیکر قومی اسبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران اسپیکر ایاز صادق نے نامزد امیدوار عمر ایوب کی درخواست کی تصدیق کا عمل مکمل کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے تسلی کے بعد عمر ایوب کو اپوزیشن لیڈر ڈکلیئر کر دیا، جس کے بعد عمر ایوب قومی اسمبلی میں آزاد ارکان کے اپوزیشن لیڈر ہوں گے۔ عمر ایوب کے قومی اسمبلی میں قائدحزب اختلاف مقرر ہونے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا، عمر ایوب نوٹیفکیشن اجراء کے بعد چیمبر میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے اسپیکر قومی اسمبلی کے چیمبر کے سامنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان، پارٹی چیئرمین بیرسٹرگوہر اور قیادت کا مشکور ہوں، اسپیکر قومی اسمبلی نے بلایا تھا اور ہماری موجودگی میں اسکروٹنی کی، اسپیکر نے باقاعدہ اسکروٹنی کے بعد مجھے اپوزیشن لیڈر ڈکلیئر کیا۔ عمرایوب نے کہا کہ ہم پارلیمنٹ میں پاکستان کےعوام کی نمائندگی کررہے ہیں، فارم 45 کے تحت ہمارے 180 لوگوں کی نمائندگی بنتی ہے، لوگوں کو فارم 47 کے ذریعے بیساکھیوں کے زور پر لایا گیا، پاکستان کے لوگ مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کی فی یونٹ قیمت 17 سے 85 ہو گئی، گیس کی قیمتوں میں 4 گنا اضافہ کر دیا گیا، ہم حکومت کی غلط معاشی پالیسیوں پر تنقید کریں گے، حکومت کی غلط پالیسیوں کوعوام کے سامنے آشکار کریں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہرعلی نے کہا کہ تعمیری کردار ادا کریں گے اگر ہمیں نذرانداز کیا گیا تو دوریاں بڑھیں گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *