افواج پاکستان نے دہشت گردی کے ناسور کیخلاف موثر کارروائیاں کرتے ہوئے بڑی کامیابیاں حاصل کیں دوماہ کے دوران181 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا

پاکستان نیوز پوائنٹ
افواج پاکستان نے دہشت گردی کے ناسور کیخلاف موثر کارروائیاں کرتے ہوئے بڑی کامیابیاں حاصل کیں،دوماہ کے دوران181 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا ۔ بر وقت انٹیلیجنس کی بدولت عید الفطر کے بعد سکیورٹی فورسزنے دہشت گردوں کی کمر توڑنے کے لئے یکم اپریل سے 10 جون 2024 تک خیبر پختونخوا، بلوچستان اور سندھ میں 7 ہزار 745 آپریشنز کئے۔ خیبرپختونخوا میں دو ہزار 701 ایک ، بلوچستان میں 4 ہزار 902 اور سندھ میں 142 آپریشنز کئے گئے۔ آپریشنز کے دوران 181 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔صرف مئی کے مہینے میں بلوچستان میں 12 جبکہ خیبرپختونخوا میں 42 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔ دونوں صوبوں میں مجموعی طور پر ایک ماہ میں 61 دہشتگرد گرفتار بھی ہوئے۔اس کے علاوہ، باجوڑ، دیر اور چترال کے علاقوں میں بر وقت خفیہ اطلاعات کی بنا پر کم از کم 20 دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنادیاگیا ۔ دہشتگردوں کوسرحد پار سے دراندازی کی کوششوں کے دوران ہلاک کیاگیا۔ سکیورٹی فورسز کی بروقت کاروائی سے کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی شہری علاقوں میں اپنے مذموم عزائم میں ناکام رہی۔ ناکامی کو چھپانے کیلئے ٹی ٹی پی نے قبائلی علاقوں کی غریب عوام کو اغوا برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ پر مجبور کیا اور نشانہ بنایا۔ اس عرصے کے دوران بشام میں چینی شہریوں کو نشانہ بنانے والاٹی ٹی پی کا نیٹ ورک پکڑا جاچکا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *