صدر مملکت آصف زرداری نے کہاکہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعدادکار بڑھانا ہوگی

پاکستان نیوز پوائنٹ
صدر مملکت آصف زرداری نے کہاکہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعدادکار بڑھانا ہوگی،بلوچستان میں قابل پولیس افسران تعینات کرنا ہوں گے ، صدر مملکت نے کہاکہ بلوچستان میں دہشت گردی کا مؤثر مقابلہ کرنے کیلئے استغاثہ کا طریقہ کار بہتر بنانا ہوگا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری کی زیر صدارت بلوچستان میں سکیورٹی اورامن و امان کی صورتحال سے متعلق اجلاس گوادر میں ہوا،اجلاس میں وزیر داخلہ محسن رضا نقوی، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی،ایم این اے ملک شاہ گورگیج،صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو، ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمان کے ساتھ سینئیر سول اور عسکری حکام نے شرکت کی۔ اس اہم اجلاس میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور دیگر شرکا کو صوبے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی،بریفنگ میں بلوچستان کے مختلف اضلاع میں دہشت گردی کا کامیابی سے مقابلہ کرنے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار کے بارے میں بھی بتایا گیا،اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبائی حکومت نے بلوچستان میں سکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے ٹارگٹڈ لائحہ عمل اپنایا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اقدامات کے نتیجے میں صوبے میں سکیورٹی کی صورتحال میں بہتری آئی ،صوبائی حکومت چینی اور غیر ملکی شہریوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، صدر مملکت نے صوبائی حکومت کی کوششوں ، دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے اداروں کی قربانیوں کو سراہا۔ صدر آصف زرداری نے کہاکہ دہشت گرد عناصر کو سزا دلانے کیلئے استغاثہ کے نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے ،بلوچستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء کے لواحقین کے معاوضے میں اضافہ کرکے باقی صوبوں کے برابر لایا جائے، صدر مملکت نے کہاکہ بلوچستان میں قابل اور بہادر پولیس اہلکار تعینات کرنے کی ضرورت ہے ، قابل افسران صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوں گے، زائرین کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔ صدر مملکت نے بلوچستان کی سماجی و اقتصادی حالت بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ بلوچستان کے لوگوں کو ہنر سکھانے کی ضرورت ہے ، زیادہ تربیت یافتہ انسانی وسائل کی تیاری کیلئے تربیتی اداروں کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے، افرادی قوت کو غیر ملکی زبانیں سکھانے سے انہیں بیرونی ممالک میں ملازمتیں تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔ صدر آصف زرداری نے کہاکہ بلوچستان میں ماہی گیری کے پائیدار طریقے فروغ دینا ہوں گے ، بلوچستان میں ماہی گیری کی صنعت کے فروغ کیلئے ماہی گیروں کو سرمایہ اور آلات فراہم کرنے کی ضرورت ہے ،غیر قانونی ماہی گیری کے جالوں کی تیاری روکنا ہوگی،صدر مملکت نے کہاکہ سیاسی مذاکرات سے بلوچستان میں خوشحالی، ترقی اور امن آئے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *