صدر مملکت آصف علی زرداری کا عالمی یومِ تعلیم کے موقع پر پیغام

پاکستان نیوز پوائنٹ
صدر مملکت آصف علی زرداری نے تعلیمی نظام کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیم کو ایک خوشحال، ہمہ گیر اور ترقی پسند پاکستان کی بنیاد بنانے کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا۔ جمعہ کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار عالمی یومِ تعلیم کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت اور تعلیم: آٹومیشن کی دنیا میں انسانی ارادہ و اختیار کا تحفظ کے عنوان کے تحت عالمی یومِ تعلیم منا رہے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کا ذمہ دارانہ استعمال تعلیمی نظام میں انقلاب برپا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، مصنوعی ذہانت کی دنیا میں انسانی ارادہ و اختیار، تخلیقی صلاحیت، تنقیدی سوچ اور فیصلہ سازی کو مقدم رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹولز سیکھنے کے عمل کو انفرادی ضروریات کے مطابق ڈھالنے میں مدد دے سکتے ہیں، مصنوعی ذہانت کے ٹولز کی مدد سے تعلیمی نظام میں ڈیٹا پر مبنی اصلاحات لائی جا سکتی ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کی صلاحیتوں سے مستفید ہونے کیلئے ہمیں تعلیمی انفراسٹرکچر پر سرمایہ کاری کو ترجیح دینا ہوگی، تعلیمی نظام کو درپیش دیگر مستقل چیلنجوں سے بھی نمٹنے کی ضرورت ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہمیں اپنے تعلیمی نظام میں بہتری لانے کیلئے مصنوعی ذہانت کا استعمال کرنا چاہیے، ماہرین ِتعلیم، پالیسی ساز اور والدین مصنوعی ذہانت اور تعلیم فراہم کرنے کے جدید طریقے اپنائیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ مصنوعی ذہانت سے مسائل حل کرنے اور تخلیقی صلاحیتوں کے فروغ میں مدد مل سکتی ہے، ریاضی، سائنس، زبان، تاریخ اور تنقیدی سوچ کی بنیادی مہارتوں میں اضافے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹولز طلبا کو زبان و بیان ، ٹیم ورک اور ڈیجیٹل خواندگی جیسی ضروری مہارتوں سے لیس کرسکتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ آئیے اپنے بچوں پر سرمایہ کاری کرنے اور انہیں ضروری مہارتوں سے آراستہ کرنے کا عہد کریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *