پاکستان نیوز پوائنٹ
وزیراعظم شہباز شریف سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے امیدوارسفیراولارا اوتونونےملاقات کی، یوگنڈا کے صدر کے خصوصی ایلچی اوریوگنڈا کے سابق وزیراعظم روہاکاناروگونڈا بھی ان کے ہمراہ تھے۔ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار،معاون خصوصی طارق فاطمی اور یکرٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ بھی موجود تھیں۔ وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں اور مقاصد سے پاکستان کی پختہ وابستگی کا اعادہ کیا، جبکہ بین الاقوامی قانون اور معاہدوں کے احترام کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کثیرالجہتی نظام اورعالمی امورمیں اقوام متحدہ کےمؤثرکردارکی بھرپوراورمستقل حمایت جاری رکھے گا۔ موجودہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم اور کثیرالجہتی تعاون کو مزید مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے آئندہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے تین بنیادی ستونوں، یعنی امن وسلامتی، ترقی اور انسانی حقوق پر باہم مربوط اور متوازن انداز میں توجہ مرکوز رکھیں گے۔ سفیر اولارا اوتونو نے کثیرالجہتی نظام کے فروغ اور اقوام متحدہ کے تینوں بنیادی ستونوں کے لیے پاکستان کی دیرینہ اورنمایاں خدمات پرتشکر کا اظہار کیا، اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے جاری کوششوں میں پاکستان کی قیادت اور اہم کردار کو بھی سراہا۔
