ٹیکس نیٹ کا دائرہ کار بڑھانا ناگزیر ہے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

پاکستان نیوز پوائنٹ
وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے واضح کیا ہے کہ ملک میں پائیدار معاشی ترقی کا حصول وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے ٹیکس نیٹ کے دائرہ کار کو بتدریج بڑھانا انتہائی ناگزیر ہو چکا ہے۔ اسلام آباد میں وزارتِ خزانہ کے زیرِ اہتمام ٹیکس نظام میں اصلاحات سے متعلق منعقدہ ایک اہم ورکشاپ سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے معاشی روڈ میپ کا احاطہ کیا ہے۔وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ٹیکس کا دائرہ وسیع کرنے کے لیے ملک بھر میں ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور ٹیکس نظام میں بہتری کے لیے جامع اصلاحات کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ان معاشی اور ٹیکس اصلاحات کے مثبت اور دور رس نتائج کے باعث مجموعی ملکی پیداوار یعنی جی ڈی پی کی شرح اور معاشی شرحِ نمو میں نمایاں بہتری ریکارڈ کی گئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت کی درست پالیسیوں کی بدولت بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلاتِ زر میں تاریخی اضافہ ہوا ہے، جس سے زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہو رہے ہیں۔ وزیرِ خزانہ نے زور دیا کہ پاکستان اب اصلاحات کے ذریعے پائیدار معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے، اور ملک کی مستقل معاشی ترقی کو برآمدات یعنی ایکسپورٹس پر مبنی ہونا چاہیے تاکہ بیرونی قرضوں پر انحصار ختم کیا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *