پاکستان نیوز پوائنٹ
پاکستان،ایران اورعراق کے وزرائے داخلہ کے تہران میں ہونےوالے اجلاس میں پاکستان نے ایران پر اسرائیلی حملے کی کھل کر مذمت کی
وزیرداخلہ محسن نقوی نے آج تہران میں ہونےوالے پاکستان، ایران اور عراق کے سہ فریقی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں اربعین چہلم سید الشہداء ؑ کے موقع پر زائرین کو درپیش مسائل کے حل اور سہولیات کی فراہمی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے تہران میں ہونےوالی سہ ملکی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان نے ایران کی حمایت میں ہر فورم پر آواز اٹھائی ،تہران میں سہ ملکی کانفرنس کا انعقاد خوش آئند ہے ،عراق و ایران آنے والے زائرین اہم ترین ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال جنوری میں بغیر آرگنائزر گروپ کے کوئی بھی پاکستانی عراق نہیں جا سکے گا ۔ یاد رہے کہ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کے دورہ ایران کے دوران پاکستانی زائرین کوبڑی خوشخبری مل گئی ہے، ایران نے پاکستانی زائرین کے لیے ویزا پالیسی جاری کر دی۔ اربعین چہلم سید الشہداءؑ کے لئے ایرانی ویزے کا اجراء یکم صفر سے 16 صفر تک جاری رہے گا۔ ایران نے پاکستانی زائرین کے لیے ایرانی ویزا فیس مکمل طور پر مفت کر دی، ڈبل انٹری ویزا کے لیے بھی ویزا فیس مفت کر دی گئی ۔ اربعین چہلم سید الشہداءؑ پر زائرین کا رجسٹرڈ قافلے/کاروان کے ساتھ ہونا ضروری ہے۔
اربعین چہلم سید الشہداءؑ پر زائرین کے زمینی سفر کے لیے قافلے کے پاس اپنی بس کا انتظام لازمی ہے،عراقی مؤثر ویزا ایرانی ویزے سے پہلے حاصل کرنا ضروری ہے،سفر کی بیمہ انشورنس فیس عام حالات کے مقابلے میں نصف ہوگی۔
