گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی بمباری سے 400 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے

پاکستان نیوز پوائنٹ
اسرائیل کا غزہ میں 7 اکتوبر کے بعد سے اب تک کا سب سے ہولناک حملہ، گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی بمباری سے 400 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔مشرق وسطی کے خبر رساں ادارے الجزیرہ کے مطابق گزشتہ رات اسرائیل نے غزہ کے رہائشی علاقوں جبالیہ پناہ گزین کیمپ اور غزہ کے الشفا اور القدس ہسپتالوں کے قریب مقامات پر بمباری کی۔فلسطینی اتھارٹی کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیل کی یہ سب سے وحشیانہ بمباری ہے۔ صہیونی ریاست نے 25 مرتبہ غزہ کے رہائشی علاقے کو نشانہ بنایا، اسرائیل نے شہریوں کے گھروں کو بغیر کسی وارننگ کے نشانہ بنایا۔ فلسطینی حکام کے مطابق اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کا نشانے بننے والے علاقوں میں 20 لاکھ سے زائد فلسطینی آباد ہیں۔ اقوام متحدہ کے ادارے کا کہنا ہے کہ ہسپتالوں میں ایندھن ختم ہونے والا جس کے باعث 130 شیر خوار بچوں کی زندگی خطرے میں پڑ جائیگی جو مختلف اسپتالوں کے انکیوبیٹرز میں موجود ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے مغربی کنارے میں مسجد اور مہاجر کیمپ کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ یہودی آبادکار اسرائیلی افواج کیساتھ مل کر حملے کر رہے ہیں جبکہ جنازوں کے اجتماعات کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے۔ دوسری طرف چین نے غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تشدد کے خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔ خیال رہے کہ غزہ پر اسرائیلی حملوں میں اب تک کم از کم 4 ہزار 651 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیل میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 1400 سے زائد ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *