پاکستان نیوز پوائنٹ
او آئی سی اور 22 اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے میں اسلامی ممالک نے غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کی جانب سے صومالیہ کے خطے ’’صومالی لینڈ‘‘ کو تسلیم کرنے کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ وزرائے خارجہ نے اسرائیلی فیصلے کو بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ اسرائیل کا یہ فیصلہ افریقہ کے ہارن، بحیرہ احمر اور عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ اعلامیہ میں صومالیہ کی خودمختاری، وحدت اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے اسلامی ممالک نے صومالیہ کی وحدت کو نقصان پہنچانے والے ہر اقدام کو مسترد کر دیا اور کہا کہ ریاستوں کے حصوں کو تسلیم کرنا عالمی امن کے لیے خطرناک ہے۔ مشترکہ اعلامیہ میں اسرائیل کے توسیع پسندانہ طرزِ عمل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی ممالک نے فلسطینی عوام کی جبری بے دخلی سے کسی بھی ممکنہ تعلق کو مسترد کر دیا اور فلسطینی عوام کو ان کی سر زمین سے نکالنے کی کسی بھی کوشش کو ناقابلِ قبول قرار دیا۔ واضح رہے کہ امریکا نے بھی صومالی لینڈ کو آزاد ریاست تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
