پاکستان نیوز پوائنٹ
ایران نے یورپی ممالک کی افواج کو دہشت گرد تنظیمیں قرار دیدیا۔پاسداران انقلاب کیخلاف یورپی اقدام پر ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری کا رد عمل سامنے آگیا۔علی لاریجانی نے ایک بیان میں کہا کہ یورپی یونین ایران کے داخلی قانون سے یقینا آگاہ ہے اور وہ تمام ممالک جنہوں نے پاسدارانِ انقلاب کے خلاف یورپی یونین کی حالیہ قرارداد میں حصہ لیا، ان کی افواج کو دہشت گرد تنظیمیں تصور کیا جاتا ہے۔علی لاریجانی نے کہا کہ اس اقدام کے نتائج کی ذمہ داری ان ہی یورپی ممالک پر عائد ہوگی جنہوں نے اس قسم کے فیصلے کیے ہیں۔ایرانی پارلیمنٹ نے پاسداران انقلاب سے متعلق قانون اپریل2019 میں منظور کیا تھا، ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی قانون پاسدارن کوبلیک لسٹ کرنے والوں کو دہشت گرد قرار دیتا ہے۔ایک روز قبل یورپی یونین نے ایرانی پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد ایران کی مسلح افواج نے اس فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے اسے غیر منطقی، غیر ذمہ دارانہ اور بدنیتی پر مبنی قرار دیا تھا۔یاد رہے کہ پاسداران انقلاب ایران کی مسلح افواج کا ایک اہم حصہ ہے جسے 1979 کے ایرانی انقلاب کے بعد قائم کیا گیا تھا۔ یہ ایرانی فوج کے ساتھ مل کر کام کرتی ہے اور براہ راست ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو جواب دہ ہے۔
