پاکستان نیوز پوائنٹ
دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کی جاری وحشیانہ کارروائیوں کو فوراً روکنے کا مطالبہ کرتا ہے، پاکستان اور دو ریاستی حل کی حمایت کے موقف کا اعادہ کرتا ہے۔پاکستان نے غزہ میں بیپٹسٹ اسپتال پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یپٹسٹ اسپتال پر حملہ طبی مراکز کو نشانہ بنانے کے سلسلے کا حصہ ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسپتال پر اسرائیلی حملہ انسانی حقوق کے قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے اسرائیل نے بیپٹسٹ اسپتال پر حملہ پام سنڈے کو کیا جو مسیحیوں کے لیے مقدس دن ہے. حملے سے اسرائیل کی مذہبی تقدس اور شہری زندگیوں کے حوالے سے واضح بے حسی کا اظہار ہوتا ہے۔شفقت علی خان نے نے کہا کہ اسرائیلی کارروائیوں کے نتیجے میں بے گناہ اور غیر مسلح فلسطینیوں، بشمول خواتین اور بچوں، کا بلا تخصیص قتل اور شہری انفراسٹرکچر کی منظم تباہی ہو رہی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسرائیل کے مسلسل حملوں نے غزہ کے صحت کے نظام کو مفلوج کر دیا ہے. اسرائیلی حملوں سے شدید بیمار مریض اہم طبی امداد سے محروم ہو چکے ہیں. انسانی امداد پر پابندی کے ساتھ یہ کارروائیاں اسرائیل کی جانب سے تنازعے کو طول دینے کا مظہر ہیں۔شفقت علی خان نے مزید یہ بھی کہا کہ فلسطین کی آزاد اور خودمختار ریاست، جون 1967 کی سرحدوں القدس الشریف دارالحکومت کے ساتھ ہونی چاہئیے. پاکستان عالمی برادری سے اپیل کرتا ہے کہ وہ اسرائیل کو جوابدہ قرار دے، عالمی برادری فلسطینی شہریوں کو مزید تشدد سے بچانے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کرے۔
