پاکستان نیوز پوائنٹ
حکومت کی جانب سے ملک میں آئندہ پندرہ روز کے لیے پٹرول سستا اور ڈیزل مہنگا کیے جانے کا امکان ظاہر کردیا گیا، ملک میں آئندہ 15 روز کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان یکم جنوری کو ہوگا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یکم جنوری سے پٹرول کی فی لٹر قیمت میں 2 روپے کمی متوقع ہے جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 62 پیسے فی لٹر اضافے کا امکان ہے، اس رد و بدل کے نتیجے میں پیٹرول کی قیمت 250 روپے 20 پیسے فی لٹر ہوسکتی ہے اور ڈیزل کی قیمت اضافے کے بعد 259 روپے فی لٹر ہونے کی توقع ہے۔ بتایا گیا ہے کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت 3 روپے 03 پیسے فی لٹر اضافے کے ساتھ 151 روپے 97 پیسے فی لٹر ہونے کا امکان ہے جب کہ مٹی کا تیل 5 پیسے فی لٹر مہنگا ہونے کے بعد فی لٹر نئی قیمت 161 روپے 71 پیسے مقرر کی جاسکتی ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ 15 روز کے دوران بین الاقوامی مارکیٹ میں ایچ ایس ڈی اور ایل ڈی او کی اوسط قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوا جب کہ مٹی کے تیل کی ایکس ریفائنری لاگت میں بھی قدرے اضافہ ہوا ریکارڈ کیا گیا، تاہم پٹرول اور ڈیزل دونوں پر درآمدی پریمیم میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، اس وقت پٹرول کی قیمت کا فرق بہت کم ہے، جس کو ملک کے اندر ہی فریٹ ایکویلائزیشن مارجن کے اندر ایڈجسٹ کیے جانے کا امکان ہے، ملک میں ایکس ڈپو پٹرول کی قیمت اس وقت 252 روپے 10 پیسے فی لٹر اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 255 روپے 38 پیسے فی لٹر ہے جب کہ حکومت پٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل دونوں پر تقریباً 76 روپے فی لٹر ٹیکس وصول کر رہی ہے۔