پاکستان نیوز پوائنٹ
تفصیلات کے مطابق گیس کمپنیوں نے مالی سال 2025-26 کیلیے گیس مہنگی کرنے کی درخواستیں دائر کر دی ہیں, اوگرا ان درخواستوں کی 7 اور 11 نومبر کو سماعت کرے گا۔ سوئی ناردرن گیس کمپنی نے 189 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو گیس مہنگی کرنے کی درخواست دی ہے جب کہ سوئی سدرن گیس کمپنی نے 125 روپے 41 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ مانگا ہے۔ سوئی ناردرن نے گیس کی اوسط مقررہ قیمت 1955 روپے 50 پیسے اور سوئی سدرن گیس نے اوسط مقررہ قیمت 1658 روپے 56 پیسے فی ایم ایم بی ٹِی یو مقررکرنے کی درخواست کی ہے۔ سوئی ناردرن کا مالی سال 26-2025 کے لیے مالی ضروریات کا تخمینہ 52 ارب 95 کروڑ سے زائد جب کہ سوئی سدرن کا یہی تخمینہ 24 ارب سے زائد لگایا گیا ہے۔ سوئی ناردرن نے ایل پی جی ایئرمکس منصوبے کی سبسڈی کی مد میں 58 کروڑ 20 لاکھ روپے شارٹ فال کا تخمینہ لگایا ہے۔ سوئی سدرن نے گزشتہ سالوں کے خسارے کی مد میں 34 ارب 25 کروڑ روپے وصولی کی درخواست کی ہے۔
