پاکستان نیوز پوائنٹ
صدرِ جمہوریہ ترکیہ رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارا سچا اور کھرا اتحادی ملک ہے۔بحری پلیٹ فارمز کی خدمت میں شمولیت سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر اردوان نے کہا آج ہم مکمل کامیاب آزمائشوں کے بعد خیبر کی حوالگی کر رہے ہیں. جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس یہ جہاز برادر پاکستان کی بحریہ کے لیے باعثِ تقویت ہوں گے۔صدر اردوان نے مزید کہا کہ پاکستان ہمارا سچا اور کھرا اتحادی ملک ہے. پاک ترک دوستی تا قیامت تک جاری رہے گی، ترقی کرے گی اور مزید مضبوط ہوگی۔صدرِ جمہوریہ ترکیہ رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ 2028 کے لیے ہمارا ہدف ہے کہ دفاعی اور ہوابازی کی برآمدات میں 11 ارب ڈالر تک پہنچ کر دنیا کے اولین دس ممالک میں شامل ہوں۔ترک صدر نے کہا کہ آج دنیا میں صرف دس ممالک ایسے ہیں جو اپنے جنگی بحری جہاز خود تیار کر کے سمندر میں اتارنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور فخر کے ساتھ کہتا ہوں کہ ترکیہ اُن میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ آج استنبول کے لیے دفاعی صنعت کے حوالے سے ایک نہایت اہم اور تاریخی دن ہے. اپنی تقریر کے آغاز میں صدر اردوان نے پاکستان سے تشریف لانے والے اعلیٰ سطحی وفد اور دفاعی صنعت سے وابستہ نمائندوں کو خوش آمدید کہا۔صدرِ ترکیہ نے کہا “آج ہم اپنے بحری پلیٹ فارمز کی خدمت میں شمولیت، پرچم کشائی اور نئے جہازوں کی ابتدائی تیاری (ساک کَسِمی) کی تقریبات کے موقع پر یہاں جمع ہیں. پاکستان سے تشریف لانے والے معزز مہمانوں کو، جن کے لیے ترکیہ ان کا دوسرا گھر ہے. دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتا ہوں۔”انہوں نے ترک شپ بلڈنگ انڈسٹری کی ترقی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے استنبول شپ یارڈ کمانڈ کے کارکنان کو مبارکباد دی اور کہا کہ آج ایک بار پھر ثابت ہو گیا ہے کہ ترک قوم نے اپنی شپ یارڈز پر جو اعتماد کیا. وہ بالکل درست تھا۔
