صدر وزیراعظم وفاقی وزیر داخلہ کی ترکیہ کے 102ویں یومِ جمہوریہ پر مبارکباد

پاکستان نیوز پوائنٹ
پاکستان کی اعلیٰ قیادت نے ترکیہ کے 102ویں یومِ جمہوریہ کے موقع پر ترک عوام اور صدر رجب طیب اردوان کو دلی مبارکباد پیش کی ہے صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ترک قوم کی استقامت اور وژن پوری دنیا کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ مصطفیٰ کمال اتاترک کی قیادت نے اصلاحات اور ترقی کی نئی راہیں کھولیں جبکہ علامہ اقبال اور قائدِاعظم محمد علی جناح نے ترک قیادت کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ صدر زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ مذہبی، تاریخی اور باہمی احترام کے رشتوں میں بندھے ہیں، دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا، انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ اپنے غیر متزلزل یکجہتی کے رشتے کو مزید مضبوط بنائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ترکیہ کے 102 ویں یومِ جمہوریہ کے موقع پر وہ صدر رجب طیب اردوان اور ترک عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ صدر اردوان کی جرات مندانہ اور متحرک قیادت میں ترکیہ نے شاندار ترقی و معاشی بحالی کے سفر طے کیے جس پر عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی، پاکستان اور ترکیہ عقیدے، تاریخ اور بھائی چارے کے بندھن سے جڑے ہیں جو وقت اور جغرافیہ سے بالاتر ہیں۔
ان کے مطابق دونوں ممالک کے تعلقات صدر اردوان کی قیادت میں اسٹریٹجک شراکت داری کے ایک نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں۔
علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی ترکیہ کے یومِ جمہوریہ پر ترک عوام اور صدر اردوان کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن ترکیہ کی خودداری، استقامت اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ مصطفیٰ کمال اتاترک کے وژن سے شروع ہونے والا ترقی کا سفر آج صدر اردوان کی قیادت میں نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے عوام کے دل کسی جغرافیائی حد کے پابند نہیں، دونوں ممالک نے ہر آفت اور آزمائش میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا، مسئلہ کشمیر پر ترکیہ کا اصولی مؤقف پاکستانی عوام کے دلوں میں آج بھی زندہ ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی اپنے پیغام میں ترک عوام اور صدر اردوان کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ترکیہ ہمارا برادر ملک ہے اور ہم اپنے ترک بہن بھائیوں کی خوشی میں شریک ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاک ترک تعلقات محض دو ممالک کے نہیں بلکہ دو عظیم اقوام کے باہمی ربط کا مظہر ہیں، صدر اردوان کی قیادت میں ترکیہ نے ترقی کے کئی سنگ میل عبور کیے ہیں جبکہ ثقافتی، تجارتی اور سیاحتی روابط سے دونوں ممالک مزید قریب آ رہے ہیں، انہوں نے دعا کی کہ پاکستان اور ترکیہ کا رشتہ ہمیشہ قائم و دائم رہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *