پاکستان نیوز پوائنٹ
وزیراعظم شہباز شریف نے عطیات کے عالمی دن کے موقع پر قوم کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام ہمیشہ سے خدمت اور ایثار کے جذبے میں نمایاں رہے ہیں اور یہ روایت آج بھی پوری قوت سے جاری ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ساتھ مل کر اس دن کو مناتا ہے تاکہ فلاحی جذبے عطیات اور باہمی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستانی معاشرہ اس بات کی روشن مثال ہے کہ مشکل کی ہر گھڑی میں عوام بلا تفریق ایک دوسرے کی مدد کے لیے آگے بڑھتے ہیں خواہ قدرتی آفات ہوں حادثات ہوں یا کسی ہنگامی صورتحال کا سامنا ہو عوام نے ہمیشہ ایثار اور قربانی کی مثالیں قائم کی ہیں انہوں نے اس بات پر بھی فخر کا اظہار کیا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جہاں عوام سب سے زیادہ عطیات دیتے ہیں اور فلاحی منصوبوں کو کامیاب بناتے ہیں شہباز شریف نے کہا کہ مخیر حضرات کی کاوشوں کی بدولت ملک بھر میں دسترخوان مفت علاج اور ایمبولینس سروسز جیسے منصوبے جاری ہیں جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ عوام خدمت خلق کو اہمیت دیتے ہیں انہوں نے کہا کہ فلاحی کاموں میں شرکت کو معاشرے میں عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور یہ جذبہ مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ایک ایسا معاشرہ تشکیل پائے جو ایثار اور رواداری پر مبنی ہو وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب نے متاثرہ علاقوں میں گھروں روزگار اور مال مویشی کو شدید نقصان پہنچایا ہے جہاں لوگ خوراک رہائش اور صحت کی سہولتوں کے منتظر ہیں اس موقع پر وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوام اور افواج پاکستان مل کر ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں میں مصروف ہیں انہوں نے کہا کہ آج کے دن میں پاکستانی عوام اور بیرون ملک مقیم ہم وطنوں کو یاد دہانی کراتا ہوں کہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے ہر ممکن تعاون کریں یہ وقت باہمی اتحاد اور ایثار کا ہے تاکہ ہم بحیثیت قوم نہ صرف مشکلات پر قابو پا سکیں بلکہ ایک باوقار اور خوشحال مستقبل کی طرف بھی بڑھ سکیں
