پاکستان نیوز پوائنٹ
پولیس اور شہریوں نے لکی باؤنڈری پر آپریشن کے دوران 5 خارجی دہشتگرد جہنم واصل کردیے ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان نے آپریشن کی قیادت کی۔ انہوں نے بتایا کہ بنوں ریجن میں دہشتگردی کے خاتمے کیلیے پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں۔انہوں نے بتایا کہ عوام نے بھی اس آپریشن میں پولیس کے شانہ بشانہ بھرپور حصہ لیا، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں عوام اور پولیس کا یہ اتحاد اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ڈی آئی جی نے کہا کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، ان شاء اللہ عوامی طاقت سے ہی دہشتگردوں کا خاتمہ کریں گے۔
اس سے قبل خبر سامنے آئی کہ لکی مروت اور بنوں کے سرحدی علاقے شیخ لنڈک میں مقامی قبائل اور دہشتگردوں میں جھڑپ ہوئی۔ پولیس اور مقامی قبائل کی فائرنگ سے 4 مبینہ دہشتگرد مارے گئے۔ یاد رہے کہ تین روز قبل سی ٹی ڈی بنوں نے انٹیلی جنس بیسڈآپریشن کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے انتہائی مطلوب 2 ٹارگٹ کلرز ہلاک کر دیے تھے تاہم دہشتگردوں کے دیگر 2 ساتھی فرار ہوگئے تھے۔ ہلاک دہشتگردوں کی شناخت فضل اللہ عرف فیض اللہ اور سفیر الرحمان کے ناموں سے ہوئی تھی، دونوں دہشتگرد پولیس اہلکاروں پر حملوں اور دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ آپریشن کے دوران کلاشنکوف، پستول، ہینڈ گرنیڈ، موبائل فونز اور کالعدم تنظیم کا کارڈ برآمد کر لیا گیا۔
