پاکستان نیوز پوائنٹ
امریکا سے مذاکرات کیلئے ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر باقر قالیباف کی قیادت میں ایرانی وفد اسلام آباد پہنچ گیا۔ ایرانی وفد میں سپیکر باقر قالیباف کے علاوہ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی، دفاعی کونسل کے سیکرٹری، مرکزی بینک کے گورنر اور پارلیمنٹ کے دیگر اراکین شامل ہیں۔ ترجمان پاکستان دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی وفد کا استقبال نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کیا، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی استقبال کے موقع پر موجود تھے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے امید ظاہر کی ہے کہ فریقین تعمیری انداز میں مذاکرات آگے بڑھائیں گے، پاکستان نے تنازع کے پائیدار اور دیرپا حل کیلئے سہولت کاری جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ایرانی حکام کے مطابق یہ وفد امریکی حکام کے ساتھ مذاکرات کیلئے پاکستان آیا ہے، وفد میں سکیورٹی، سیاسی، عسکری، اقتصادی اور قانونی امور سے متعلق دیگر حکام بھی شامل ہیں جو مختلف پہلوؤں پر بات چیت کریں گی۔
