مسلح افواج نے بھارتی نیٹ ورک توڑ کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا صدر وزیراعظم

پاکستان نیوز پوائنٹ
صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اورکزئی میں بھارتی سرپرست خوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائی پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ اس حوالے سے صدرِ مملکت نے کہا ہے کہ لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق اور میجر طیب اور دیگر شہداء کی قربانیوں کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج نے بھارتی سرپرست خوارج کے نیٹ ورک کو توڑ کر قوم کا سر فخر سے بلند کردیا، دہشت گردی کے خلاف مسلسل کامیابیاں ہمارے عزم کی عکاس ہیں، بہادر سپوتوں نے مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کر کے تاریخ رقم کی۔ ادھر وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے اورکزئی میں فتنہ الخوارج کے خلاف جمال مایہ میں کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پزیرائی کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق شہید اور میجر طیب راحت شہید سمیت دیگر شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے، سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکار اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم سے ارض وطن کی حفاظت میں شب و روز مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کا ہر افسر و جوان جو وطن عزیز کی خاطر جام شہادت نوش کرتا ہے، مجھ سمیت پوری قوم کا فخر ہے، دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *