وزیراعظم شہباز شریف کا بنگلہ دیش کی سابقہ وزیراعظم کے نام خط صحت یابی کی دعا

پاکستان نیوز پوائنٹ
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی چیئرپرسن اور سابق وزیراعظم بیگم خالدہ ضیا کی خراب صحت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاؤں پر مبنی ایک خط ارسال کیا ہے 80 سالہ خالدہ ضیا کافی عرصے سے متعدد سنگین بیماریوں میں مبتلا ہیں، جن میں دل کے امراض، ذیابیطس، گٹھیا، جگر کی خرابی (لِور سیروسِس) اور گردوں کے مسائل شامل ہیں۔ گزشتہ اتوار انہیں سانس لینے میں شدید دشواری کے بعد فوری طور پر ڈھاکا کے ایور کیئر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ مقامی اور غیر ملکی ماہرین کی زیر نگرانی کورونری کیئر یونٹ میں زیر علاج ہیں۔ اسپتال کے ذرائع کے مطابق ہفتہ کے روز ان کی حالت میں معمولی بہتری دیکھی گئی، تاہم مجموعی طور پر ان کی صحت اب بھی نازک بتائی جا رہی ہے، جبکہ گردوں کے انتہائی کمزور کام کرنے کی وجہ سے انہیں 4 دن مسلسل ڈائیلاسز کرنا پڑا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خط میں خالدہ ضیا کی شدید علالت پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور پاکستان کی حکومت و عوام کی جانب سے ان کی صحت یابی کے لیے نیک خواہشات اور دعائیں بھیجیں۔ انہوں نے خالدہ ضیا کی بنگلہ دیش کی ترقی میں خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں ان کے کردار کی بھی تعریف کی۔ وزیراعظم نے ان کی قوت و ہمت کے لیے دعا کی تاکہ وہ اپنی جماعت اور قوم کی رہنمائی کا سلسلہ جاری رکھ سکیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *