پورے خطے کو شدید خطرات لاحق ہیں، بھارت کا رویہ انتہائی غیرذمہ دارانہ ہے؛ اسحاق ڈار

پاکستان نیوز پوائنٹ
وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے ڈی جی آئی ایس پی آرلیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کے ہمراہ اہم پریس کانفرنس میں کہا کہ پورے خطے کو شدید خطرات لاحق ہیں، بھارت کا رویہ انتہائی غیرذمہ دارانہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے غیر ذمہ دارانہ اور جارحانہ رویہ اپنایا, بھارت کے غیر قانونی اقدامات اور بیانات نے صورتحال کو پچیدہ کردیا ہے. اسحاق ڈار نے بتایا کہ پریس کانفرنس کا مقصد صورتحال سے آگاہ کرنا ہے، نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوئی بھی کارروائی ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے، دہشت گردی کے ہاتھوں پاکستان نے جتنا نقصان اٹھایا اتنا کسی کا نہیں ہوا۔ وزیرِ خارجہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان نے عالمی براداری کے ساتھ ملکر کام کیا، بھارت پاکستان سمیت مختلف ملکوں میں دہشت گردی میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ملکوں کے رہنماوں سے خطے کی صورتحال پر بات ہوئی ہے، دہشت گردی کے ہر واقعے پر الزام تراشی بھارت کا وطیرہ بن چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی حکومت کی طرف سے مذموم سیاسی مقاصد کے لیے ایسے واقعات کا استعمال ہوتا ہے، بھارتی قیادت اپنی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے مختلف ہتکھنڈے استعمال کرتی ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک کو دہشت گردی سے منسلک کرنا چاہتا ہے، مقبوضہ کشمیر کی عوام کے حقوق کو کچلنے کے لیے بھارت نے کالے قانون کا سہارا لیا، اقوام متحدہ کی قراردادوں میں کشمیر کو متنازعہ علاقہ تسلیم کیا گیا، پورا خطہ بھارت کے غیر ذمہ دارانہ اقدامات کی وجہ سے خطرے میں ہے ۔ وزیرِ خارجہ نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں اور کشمیریوں کے خلاف مذموم مہم جاری ہے، بھارت خطے میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کو ہوا دے رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات میں تعاون کی پیش کش کی ہے، غور کرنا ہوگا کہ بھارت نے یہ مہم جوئی کیوں کی اور اس کے مقاصد کیا ہیں، کوئی فریق سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ ختم نہیں کرسکتا، سندھ طاس معاہدے کے متعلق بھارتی بیان عالمی قوانین کی صریحا خلاف ورزی ہے، پانی پاکستان کے 24 کروڑ عوام کے لیے لائف لائن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ دو روز میں بھارت کی جانب سے انتہائی غیر ذمہ دارانہ رویہ اور اقدامات کئے گئے، کسی قسم کی مہم جوئی کا بھر پور طاقت سے جواب دیں گے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اپنی علاقائی خود مختاری اور سالمیت کو ہر قیمت پر یقینی بنائے گا، پاکستان کی مسلح افواج مکمل تیار ہیں، بھارت نے کوئی بھی جارحیت کی تو منہ توڑ جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برداری پاکستان سمیت مختلف ملکوں میں دہشت گرد کارروائیوں پر بھارت کی جواب طلبی کرے ، بھارت کے جارحانہ اقدامات خطے کو تباہی سے دو چار کرسکتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *