وزیر خارجہ اسحاق ڈار بنگلہ دیش کے تاریخی دورے پر ڈھاکہ پہنچ گئے

پاکستان نیوز پوائنٹ
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار بنگلہ دیش کے تاریخی دورے پر ڈھاکہ پہنچ گئے جہاں ان کا پاکستانی ہائی کمشنرعمران حیدر سمیت بنگلہ دیشی اعلی حکام نے استقبال کیا۔ یہ دورہ 13 سال بعد کسی بھی پاکستانی وزیر خارجہ کا پہلا دورۂ بنگلہ دیش ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کے مطابق ڈھاکہ میں وہ بنگلہ دیشی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورۂ پاکستان اور بنگلہ دیش تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ کا دورہ بنگلہ دیشی حکومت کی دعوت پر ہو رہا ہے۔ ڈھاکا میں اسحاق ڈار بنگلادیشی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ ان کی چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس سے ملاقات سمیت خارجہ امور کے ایڈوائزر محمد توحید حسین سے بھی ملاقات ہوگی۔ ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا علاقائی و عالمی امور بھی ایجنڈے میں شامل ہوں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان کے وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال 20 اگست کو بنگلادیش دورے کے لیے وہاں پہنچے تھے جس کے بعد آج اسحاق ڈار ڈھاکہ پہنچے۔ دونوں ممالک کے درمیان رابطے طویل عرصے تک صرف ثقافتی سطح پر محدود رہے۔ بنگلہ دیش کا زیادہ انحصار بھارت پر تھا۔ تاہم گزشتہ برس ڈھاکہ میں ہونے والے طلبا کے احتجاج کے بعد بھارت کی اتحادی شیخ حسینہ کو اقتدار سے ہٹا دیا، جس سے بنگلہ دیش کے نئی دہلی کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہو گئے تھے اور اسلام آباد کے ساتھ مذاکرات کا راستہ کھل گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *