پاکستان کی پہلی مارکیٹ جہاں نقد رقم کی بجائے ڈیجیٹل کرنسی چلے گی

پاکستان نیوز پوائنٹ
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو ملک کا پہلا مکمل کیش لیس اور ڈیجیٹل شہر بنانے کے منصوبے کے تحت ایچ-9 ہفتہ وار مارکیٹ کو باقاعدہ طور پر پاکستان کی پہلی مکمل کیش لیس مارکیٹ میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ایچ-9 میں اس جدید ترین نظام کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں ممبر فنانس، چیف آفیسر ایم سی آئی، سی ای او زندگی، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے نمائندگان، سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کے افسران سمیت تاجروں اور خریداروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے مارکیٹ کے مختلف اسٹالز پر جا کر ڈیجیٹل پیمنٹ کے ذریعے خریداری کی اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر حکام نے بتایا کہ کیش لیس لین دین کرنے والے صارفین کے لیے خصوصی ڈسکاؤنٹس بھی رکھے گئے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ڈیجیٹل نظام کو اپنائیں۔ سی ڈی اے کے مطابق کیش لیس سسٹم کو جلد ہی تمام کمرشل سینٹرز، شاپنگ مالز، اسپتالوں، ہوٹلوں، ریستورانوں اور اسلام آباد ایئرپورٹ تک توسیع دی جائے گی۔ چیئرمین رندھاوا نے ایم سی آئی، کمرشل بینکس اور اسلام آباد انتظامیہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے ویژن کے مطابق یہ اقدام شہریوں کو جدید سہولتیں فراہم کرنے کی طرف ایک اہم قدم ہے، جس کا مقصد اسلام آباد کو پاکستان کا پہلا مکمل ڈیجیٹل اور کیش لیس شہر بنانا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *