پنجاب فوڈ اتھارٹی کی لاہور میں کارروائی جعلی ڈرنکس بنانے والا یونٹ پکڑا گیا

پاکستان نیوز پوائنٹ
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی سربراہی میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے نشتر ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے جعلی کولڈ ڈرنکس بنانے والا خطرناک یونٹ پکڑ لیا۔یونٹ کو سیل کر کے مشینری ضبط کر لی گئی جبکہ مالک کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے تفصیلات کے مطابق یونٹ میں مختلف معروف برانڈز کے نام سے نقلی کولڈ ڈرنکس تیار کی جا رہی تھیں۔موقع سے 5900 جعلی بوتلیں، 1850 لیٹر مضرِ صحت محلول اور 2 من سے زائد کیمیکل تلف کیا گیا۔ اس کے علاوہ 45 کلو جعلی فلیورز، 10 کلو لیبلز اور ڈھکن بھی قبضے میں لیے گئے۔6 گیس سلنڈر، 4 فلنگ مشینیں، کاربونیشن کولر اور آر او پلانٹ موقع پر موجود پایا گیا، جو ضبط کر لیا گیا۔3 ڈرمز میں تیار محلول بھی ضبط کر کے تلف کر دیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے بتایا کہ یہ جعلی یونٹ بغیر منظور شدہ فارمولا کے محلول تیار کر کے اصل جیسی بوتلوں میں فلنگ کر رہا تھا۔صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات دیکھے گئے، خام مال زمین پر بکھرا ہوا تھا اور تمام کام بغیر لائسنس چھپ کر کیا جا رہا تھا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہنا ہے کہ عوام ایسی مشروبات کی خریداری میں ہوشیاری سے برتاؤ کریں اور مشکوک اشیاء کی فوراً اطلاع فوڈ اتھارٹی ہیلپ لائن 1223 پر دیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *