پاکستان نیوز پوائنٹ
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے 4 سال کے دوران مری کے جنگلات سے لکڑیاں کاٹ کر اسے کنکریٹ کا شہر بنا دیا۔ ساملی سنٹوریم اسپتال مری میں نواز شریف کارڈیک سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت گزشتہ حکومت کی طرح صرف اعلانات نہیں کر رہی بلکہ عملاً کام کر رہی ہے۔ پی ٹی آئی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مری میں غیر قانونی تعمیرات بھی کی گئیں، جس پر ہمیں کارروائی کرنا پڑی۔ مریم نواز نے کہا کہ سیاست مشکل سفر اور کٹھن راستوں کا نام ہے، سیاست خدمت کا نام ہے، 1930 کے بعد پہلی مرتبہ ساملی سنٹوریم اسپتال کی اَپ گریڈینشن کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کے بعد مری ہمارا دوسرا گھر ہے، بچپن سے یہاں آ رہی ہوں، مری کے ساتھ رشتہ لفظوں میں بیان نہیں کر سکتی۔ مریم نواز نے کہا کہ مری سمیت اطراف کے علاقوں میں دل کے علاج کے لیے کوئی سہولت موجود نہیں تھی، دل کی تکلیف ہو جائے تو مریض کے پاس زیادہ وقت نہیں ہوتا، آج 5 لوگوں کی انجیوگرافی بھی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ مری سے پنڈی پہنچتے پہنچتے مریض بھی دم توڑ دیتا ہے، اس لیے میں نے سوچا کہ یہاں دل کا اسپتال ہونا چاہیے اور چند ماہ کے اندر اندر کارڈیک سینٹر نے کام شروع کر دیا ہے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ بہت جلد مری سے پنڈی کے درمیان ٹرین چلائیں گے، سیاحوں کو اپنی گاڑیوں پر نہیں آنا پڑے گا جبکہ جلد گرین بسیں بھی مری پہنچ جائیں گی۔ مری میں سڑکوں کے انفرا اسٹرکچر کو بہتر بنایا گیا ہے، صاف پانی کا منصوبہ بھی لیکر آ رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ دو سال میں مری دنیا کا بہترین سیاحتی مقام ہوگا، خیبر پختونخوا سے مری میں داخل ہوتے ہی واضح فرق نظر آتا ہے۔
