پاکستان نیوز پوائنٹ
کوہاٹ اور کرک کے سرحدی پہاڑی سلسلے میں تھانہ خرم کی حدود کرکنڈوں کے علاقے میں دہشتگردوں کے خلاف بھرپور آپریشن کیا گیا۔ریجنل پولیس افسر کوہاٹ عباس مجید مروت نے بتایا ہے کہ آپریشن کے دوران پولیس اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا.جس کے نتیجے میں اب تک 8 دہشتگرد ہلاک ہو چکے ہیں۔آر پی او کوہاٹ نے بتایا کہ کارروائی کے دوران متعدد دہشتگردوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں جبکہ دہشتگردوں کے کئی ٹھکانے مکمل طور پر تباہ کر دیئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آپریشن میں بھاری پولیس نفری کے ساتھ خفیہ اداروں کے اہلکار بھی شریک ہیں جبکہ ڈی پی او کرک خود موقع پر موجود ہیں اور کارروائی کی نگرانی کر رہے ہیں۔عباس مجید مروت کے مطابق علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا گیا ہے. تاکہ کسی بھی دہشتگرد کو فرار ہونے کا موقع نہ مل سکے۔انہوں نے کہا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے امن و امان کے قیام کیلئے پرعزم ہیں اور دہشتگردی کے خاتمے تک یہ آپریشن جاری رہے گا۔آر پی او نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سیکیورٹی فورسزکے ساتھ تعاون کریں اورافواہوں پرکان نہ دھریں جبکہ صورتحال پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے۔
