پاکستان نیوز پوائنٹ
پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ہیک شدہ واٹس ایپ اکاؤنٹس کی بحالی اور صارفین کو فوری حفاظتی اقدامات سے آگاہ کرنے کیلئے ایک خصوصی آگاہی ویڈیو جاری کر دی ہے پی ٹی اے کے مطابق اگر کسی صارف کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک ہو جائے تو گھبرانے کے بجائے پرسکون رہتے ہوئے درست بحالی کے مراحل پر عمل کیا جائے۔ پی ٹی اے نے زور دیا کہ بروقت کارروائی نہایت ضروری ہے تاکہ ذاتی ڈیٹا، پیغامات اور رابطوں کے غلط استعمال سے بچا جا سکے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مکمل ویڈیو دیکھیں، باخبر رہیں اور ڈیجیٹل سیکیورٹی کو مضبوط بنانے کے لیے یہ معلومات اپنے اہلِ خانہ اور دوستوں کے ساتھ شیئر کریں۔ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل سیکیورٹی کے حوالے سے عوامی آگاہی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ دوسری جانب، سائبر سیکیورٹی اور ٹیکنالوجی کے ماہرین نے بھی خبردار کیا ہے کہ فشنگ لنکس، جعلی تصدیقی پیغامات اور کمزور سیکیورٹی سیٹنگز کے باعث واٹس ایپ ہیکنگ کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آگاہی اور مناسب حفاظتی اقدامات اپنانے سے اکاؤنٹ ہیک ہونے کے خطرے کو نمایاں حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔
