پاکستان نیوز پوائنٹ
کیتھولک عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس انتقال کرگئے۔ ویٹی کن سٹی نے پوپ فرانسس کے انتقال کی تصدیق کردی۔ ویٹی کن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پوپ فرانسس ایسٹر سنڈے کے موقع پر سینٹ پیٹرز اسکوائر میں شرکت کے ایک دن بعد پیر کو 88 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ پوپ فرانسس کا انتقال ویٹیکن سٹی میں ہوا، پوپ فرانسس نے گزشتہ روزایسٹر کے تہوار میں شرکت کی تھی۔ پوپ فرانسس رومن کیتھولک چرچ کے پہلے لاطینی امریکی رہنما تھے اور طویل بیماری کے بعد چند روز قبل ہی صحتیاب ہو کراسپتال سے ڈسچارج ہوئے تھے، پوپ فرانسس نے اتوار کو ایسٹر کے موقع پر لوگوں سے ملاقاتیں بھی کی تھیں۔ یاد رہے کہ پوپ فرانسس نے 2013 میں پوپ بینڈکٹ کے استعفے کے بعد عہدہ سنبھالا تھا، پوپ فرانسس اس سے پہلے ارجنٹینا کے دارالحکومت بیونس آئرس کے آرچ بشپ تھے۔ پوپ فرانسس گزشتہ کئی ماہ سے علیل تھے اور انہیں حال ہی میں ڈبل نمونیا بھی ہوا تھا جس کے باعث وہ کئی روز تک اسپتال میں بھی زیر علاج رہے تھے اور بیماری کے باعث اس سال ایسٹر پر عوام سے خطاب بھی نہیں کر سکے تھے۔ عالمی رہنماؤں نے پوپ فرانسس کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔
