پاکستان نیوز پوائنٹ
وزیر توانائی سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ سیپرا کا قیام 100 یونٹ تک مفت بجلی فراہم کرنے والے منصوبے کی جانب پہلا قدم ہے، سیپرا کے تحت جو بجلی سندھ حکومت پیدا کرے گی اس کا ٹیرف ہم مقرر کریں گے،وزیر توانائی سندھ نے بتایا کہ عوام کو سستی بجلی فراہم کرنے کیلئے سکھر اور لاڑکانہ میں سولر پارک لگائیں گے، حیسکو اور کے الیکٹرک کو سندھ حکومت کے سولر پارک سے بجلی فراہم ہورہی ہے، سکھر اور لاڑکانہ کے سولر پارکس سے سیپکو کو بجلی فراہم کی جائے گی۔ وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ سیپکو اور حیسکو بورڈ میں سندھ حکومت کے لوگ شامل ہیں لیکن کے الیکٹرک کے بورڈ میں سندھ حکومت کا نمائندہ شامل نہیں ، او جی ڈی سی ایل کے بورڈ میں وفاق کا نمائندہ ہے صوبائی حکومت کا نہیں، او جی ڈی ایس ایل میں سندھ کا نمائندہ شامل ہونا چاہیے۔ صدر مملکت سے ملاقات کے حوالے سے صوبائی وزیر نے کہا کہ صدر آصف زرداری سے سندھ کے اہم معاملات پربات ہوئی، مخصوص نشستیں سے متعلق فیصلے کے بعد شوشے چھوڑے گئے، پہلے شوشہ چھوڑا گیا حکومت کی مدت10سال ہوگی وہ ناکام ہوگیا،ان کا مزید کہنا تھا کہ صدر کی تبدیلی کا شوشہ چھوڑا گیا،آصف زرداری اپنی مدت پوری کریں گے، ہم نے پرائم منسٹر ہاؤس کا رستہ بھی دیکھا ہوا ہے، اگر پریزیڈنٹ ہاؤس چھوڑیں گے تو پرائم منسٹر ہاؤس جائیں گے۔
