پاکستان نیوز پوائنٹ
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عوام کو جعلی ٹرانسفر اسکیموں سے خبردار کیا ہے۔پاکستان کے مرکزی بینک کی جانب سے جاری پیغام میں بتایا گیا ہے کہ دھوکے بازوں نے شہریوں کو لوٹنے کے لیے نیا طریقہ اختیار کرلیا ہے۔ وہ لوگوں کو فون یا پیغام بھیج کر کہتے ہیں کہ غلطی سے آپ کے اکاؤنٹ میں پیسے ٹرانسفر ہوگئے ہیں۔ پھر دباؤ ڈال کر وہ رقم واپس منگوانے کی کوشش کرتے ہیں۔مرکزی بینک کے مطابق یہ دراصل ایک نیا فراڈ ہے. جس کا مقصد شہریوں کے اکاؤنٹس سے رقم چرانا ہے۔ اسٹیٹ بینک نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ کسی بھی نامعلوم نمبر سے آنے والی کال یا میسج پر یقین نہ کریں۔ اگر پیغام کسی بینک کے آفیشل نمبر کے بجائے کسی عام نمبر سے آئے تو یہ یقینی طور پر دھوکہ ہوسکتا ہے۔شہریوں کو اپنی حالیہ ٹرانزیکشنز لازمی چیک کرنی چاہئیں اور تصدیق کیے بغیر کسی کو بھی رقم منتقل نہیں کرنی چاہیے۔ دھوکے کی صورت میں فوری طور پر اپنے بینک سے رابطہ کریں اور متعلقہ نمبر کو پی ٹی اے کو 0800-25625 پر رپورٹ کریں۔اسٹیٹ بینک نے واضح کیا ہے کہ عوام کسی بھی شخص کو اپنی ذاتی معلومات، بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات یا او ٹی پی فراہم نہ کریں، چاہے وہ خود کو بینک کا نمائندہ ہی کیوں نہ ظاہر کرے۔
