پاکستان نیوز پوائنٹ
پاکستان ریلوے نے لاہور میں 24 سے 27 اکتوبر تک شیڈول تمام نیلامیاں ملتوی کر دیں۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے شفافیت سے متعلق سامنے آنے والی رپورٹس پر نوٹس لینے کے بعد نیلامیوں کو ملتوی کرنے کا حکم دیا ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیر ریلوے نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے 20 سے 23 اکتوبر تک ہونے والی گوداموں اور دیگر جائیدادوں کی تمام نیلامیاں اور 27 اکتوبر تک طے شدہ دیگر نیلامیاں اس بنیاد پر منسوخ کی ہیں کہ فی مربع فٹ پیشکش توقع سے کم تھی،اب ہم نیا بنچ مارک 300 روپے فی مربع فٹ مقرر کریں گے اور کوشش کریں گے کہ 350 روپے فی مربع فٹ تک کی بولی حاصل ہو۔ انہوںنے کہا کہ ریلوے کی متعدد جائیدادیں آئندہ بھی نیلامی کے لیے پیش کی جائیں گی اور تمام طریق کار مکمل طور پر شفاف ہوں گے، ان نیلامیوں کی نگرانی افسران سختی سے کریں گے جبکہ تمام کارروائیاں ریکارڈ بھی کی جائیں گی تاکہ شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل لگیج وینز اور ایکسپریس کارگو کی بولیوں میں اربوں روپے کے قومی وسائل بچائے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ریلوے جلد کارگو ٹرین چلانے کا ارادہ رکھتا ہے، جس کے لیے 35 ویگنیں 15 نومبر تک اور مزید 15 ویگنیں 30 نومبر تک ریلوے کو موصول ہوں گی۔
