پاکستان نیوز پوائنٹ
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) نے صارفین کو مصنوعی ذہانت (AI) کے محفوظ، ذمہ دارانہ اور محتاط استعمال کے حوالے سے نیا ہدایت نامہ جاری کیا ہے۔ ہدایت نامے میں شہریوں کو اپنی ذاتی معلومات کے تحفظ کو اولین ترجیح دینے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ پی ٹی اے نے خبردار کیا ہے کہ صارفین حساس دستاویزات، شناختی معلومات یا ذاتی ڈیٹا کسی بھی AI پلیٹ فارم پر اپ لوڈ نہ کریں، کیونکہ اس سے پرائیویسی اور سیکیورٹی کے خطرات پیدا ہو سکتے ہیں۔ اتھارٹی نے مزید کہا ہے کہ AI سے حاصل ہونے والے جوابات پر اندھا اعتماد نہ کیا جائے اور معلومات کی لازمی تصدیق کی جائے۔ صارفین کو یہ بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ جعلی یاگمراہ کن مواد (AI-generated fake content) سے ہوشیار رہیں۔ پی ٹی اے کے مطابق اس ہدایت نامے کا مقصد ایک محفوظ، مضبوط اور قابلِ اعتماد سائبر اسپیس کو فروغ دینا ہے۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل دنیا میں سوچ سمجھ کر اور احتیاط سے کام لینا ہی صارفین کی ذاتی حفاظت کو یقینی بنا سکتا ہے۔
