پاکستان نیوز پوائنٹ
ایک فوڈ ڈیلیوری رائیڈر نے کفایت شعاری سے زندگی گزارتے ہوئے 5 سال کے دوران ایک لاکھ 60 ہزار ڈالرز (4 کروڑ 47 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) جمع کرلیے۔25 سالہ زینگ شیوچیانگ 2020 میں چین کے شہر شنگھائی ایک ڈیلیوری رائیڈر کی ملازمت کرنے کے لیے آیا تھا۔اس سے قبل وہ صوبہ فوجیان میں ایک دکان چلاتا تھا جس میں ناشتہ فروخت کیا جاتا تھا، مگر مالی مشکلات کے باعث اسے بند کرنا پڑا اور اس پر 7 ہزار ڈالرز کا قرضہ چڑھ گیا۔گزشتہ دنوں زینگ نے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی جس میں اس نے دکھایا کہ گزشتہ 5 سال کے دوران اس نے ایک لاکھ 60 ہزار ڈالرز جمع کیے۔اس نے بتایا کہ ‘بنیادی ضروریات سے ہٹ کر میں نے کوئی بھی خرچہ نہیں کیا’۔اس کا کہنا تھا کہ ‘میں ہفتے کے 7 دن 13 گھنٹوں تک کام کرتا ہوں، سونے اور کھانے سے ہٹ کر اپنا سارا وقت لوگوں کو کھانا پہنچانے میں لگاتا ہوں’۔وہ بس چین کے موسم بہار کے فیسٹیول کی تعطیلات کے دوران ہی چھٹی کرتا ہے۔زینگ اپنے کام کا آغاز صبح 10 بج کر 40 منٹ تک کرتا ہے اور رات ایک بجے تک کام جاری رکھتا ہے۔اپنی توانائی برقرار رکھنے کے لیے زینگ روزانہ ساڑھے 8 گھنٹے کی نیند کو یقینی بناتا ہے۔زینگ کے مطابق عموماً وہ ایک ماہ کے دوران 300 سے زائد آرڈرز مکمل کرتا ہے اور اس دوران 3 لاکھ 24 ہزار کلومیٹر کا فاصلہ طے کرتا ہے۔اب اس نے اپنا تمام قرضہ ادا کر دیا ہے اور کافی زیادہ رقم جمع کرلی ہے۔اس نے ایک لاکھ 13 ہزار ڈالرز خرچ کرکے شنگھائی میں 2 دکانیں کھولنے کا منصوبہ بنایا ہے۔اس نے کہا کہ ‘آخری بار میں ناکام ہوگیا تھا تو اب میں دوبارہ کوشش کرنا چاہتا ہوں’۔
