پاکستان نیوز پوائنٹ
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان فری لانسنگ کرنے والا دنیا کا تیسرا بڑا ملک بن چکا ہے اور نوجوان ملک کی سب سے بڑی معاشی قوت بن سکتے ہیں۔ انہوں نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا زیادہ تر حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے اور حکومت کی توجہ انہیں ہنرمندی کی تربیت دینے پر مرکوز ہے وزیر خزانہ نے کہا کہ ملک کا اصل مسئلہ نتائج کے حوالے سے نظم و ضبط کی کمی ہے۔ پاکستان 24 کروڑ آبادی پر مشتمل ہے اور سالانہ شرح نمو 2.5 فیصد ہے، جس کے پیش نظر غربت کے خاتمے کے لیے پائیدار معاشی بہتری پر توجہ دینا بہت ضروری ہے۔ محمد اورنگزیب نے بتایا کہ پاکستان سوشل امپیکٹ فنانسنگ فریم ورک مشترکہ طور پر تشکیل دیا گیا ہے، جو محض پالیسی بیان نہیں بلکہ ایک مالیاتی ڈھانچہ ہے۔ اس فریم ورک کے تحت خاص طور پر نوجوان خواتین کو ترقی کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے نیوٹیک اور ابتدائی اسٹیئر کوڈیل ٹیم کو اس تاریخی اجراء پر مبارکباد دی اور کہا کہ آئندہ مزید نتائج پر مبنی فنڈنگ اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ماڈل کے ذریعے اقدامات کیے جائیں گے۔
