پاکستان سے ایران کے لیے پہلی فیری سروس کا آغاز

پاکستان نیوز پوائنٹ
پاکستان اور ایران کے درمیان پہلی فیری سروس کا آغاز جنوری کے تیسرے ہفتے سے کردیا جائے گا، تاہم کرایہ کتنا ہوگا؟
تفصیلات کے مطابق ملکی تاریخ میں پہلی بار نجی شعبے کے ذریعے پاکستان اور ایران کی بندرگاہ چابہار کے درمیان فیری سروس کا باقاعدہ ‘سافٹ لانچ’ کر دیا گیا ہے۔یہ اقدام نہ صرف زائرین بلکہ سیاحت کے شوقین افراد کے لیے بھی ایک سستا اور آرام دہ سفری متبادل ثابت ہوگا۔سی کیپرز کمپنی کے سی ای او محمد عمر نے سافٹ لانچنگ کے موقع پر بتایا کہ فیری سروس کا باقاعدہ آغاز جنوری کے تیسرے ہفتے میں ہوگا۔پہلی فیری کراچی سے 240 مسافروں کو لے کر چابہار روانہ ہوگی. کراچی سے ایران تک کے راؤنڈ ٹرپ (آنا اور جانا) کا کرایہ صرف 50 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ کراچی پورٹ سے چابہار تک سفر کا وقت 12 سے 14 گھنٹے ہوگا۔کمپنی کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر فیری سروس چابہار کے لیے ہفتے میں 3 راؤنڈ ٹرپس کرے گی۔محمد عمر نے مزید انکشاف کیا کہ جلد ہی دو مزید بڑی فیریز پاکستان لائی جا رہی ہیں جن میں 600 سے 800 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔عوامی دلچسپی کا یہ عالم ہے کہ پہلی تین فیریز کی بکنگ ابھی سے مکمل ہو چکی ہے. اگلے مرحلے میں اس سروس کا دائرہ کار مسقط (عمان) اور بصرہ (عراق) تک بڑھایا جائے گا۔یہ ملکی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ نجی شعبے کے ذریعے سمندری راستے سے مسافروں کو بین الاقوامی سفری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس سروس سے سڑک کے ذریعے طویل اور پرخطر سفر کرنے والے زائرین کو بڑی سہولت ملے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *