پاکستان نیوز پوائنٹ
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کی بنجر زمینوں کو آباد کرکے انہیں معاشی زونز میں تبدیل کرنے کے لیے ایک انقلابی منصوبے کا آغاز کردیا۔سرگودھا شرمپ سٹیٹ میں نمایاں پیشرفت سامنے آئی ہے جہاں 126 میں سے 118 تالابوں کی کھدائی مکمل کر لی گئی ہے جبکہ ان میں سے 92 فیصد کے پشتے بھی تیار ہو چکے ہیں، 116 ٹیوب ویلز کی بورنگ مکمل ہونے کے ساتھ پانی کی فراہمی کا نظام بھی 92 فیصد تک مکمل ہو چکا ہے۔365 ایکڑ اراضی کی صفائی اور سروے مکمل ہونے کے بعد 2020 میٹر طویل سڑک کے لیے زمین کو پختہ کیا جا چکا ہے، جبکہ ویئر ہاؤس کی تعمیر 90 فیصد مکمل ہے اور دیگر عمارتوں پر کام جاری ہے، یہ منصوبہ مجموعی طور پر 500 ایکڑ پر مشتمل ہے۔علی والا شرمپ سٹیٹ میں بھی پیشرفت تیز ہے جہاں 1267 ایکڑ میں سے 90 فیصد رقبہ کلیئر کیا جا چکا ہے اور 737 میں سے 642 تالاب مکمل ہو چکے ہیں۔ڈرینج سسٹم کا 91 فیصد اور ایم ڈی سی ڈرینز کی کھدائی مکمل ہو چکی ہے، 9000 میٹر طویل روڈ نیٹ ورک کا سروے مکمل ہونے کے ساتھ 80 فیصد ارتھ فلنگ کا کام بھی ہو چکا ہے جبکہ 317 ٹیوب ویلز کی بورنگ مکمل کر لی گئی ہے، ایڈمن آفس، ہاسٹل، ویئر ہاؤس اور لیبر رہائش کے بنیادی ڈھانچے کا کام بھی مکمل ہو چکا ہے۔شاہ گڑھ شرمپ فارم میں واٹر سپلائی کا 90 فیصد، الیکٹریفیکیشن کا 95 فیصد اور سڑکوں کی تعمیر کا 97 فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے۔یہ پنجاب میں سرکاری سرپرستی میں جھینگوں کی افزائش کا پہلا جدید سائنسی منصوبہ ہے جس میں ماہرین نے پانی کے درجہ حرارت کو موزوں قرار دیا ہے۔ جھینگوں کو روزانہ 114 کلوگرام خوراک فراہم کی جا رہی ہے جبکہ سپلیمنٹس کے استعمال سے پیداوار اور معیار میں بہتری کی رپورٹس بھی حوصلہ افزا ہیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے منصوبے پر تیزی سے پیشرفت پر متعلقہ ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ عالمی معیار کی شرمپ فارمنگ پنجاب کو ایکوا کلچر کا اہم مرکز بنائے گی، جس سے نہ صرف بنجر زمینیں آباد ہوں گی بلکہ روزگار کے مواقع اور برآمدات میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔
