ایران پر نئے امریکی حملوں کے بعد تیل کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ

پاکستان نیوز پوائنٹ
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کی بڑی وجہ ایران پر نئے امریکی حملے اور مشرق وسطیٰ میں غیر یقینی صورتحال کو قرار دیا جا رہا ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکا کی جانب سے ایران میں نئی کارروائیوں کے بعد عالمی سرمایہ کاروں میں تشویش بڑھ گئی، جس کے باعث تیل کی قیمتیں دوبارہ اوپر چلی گئیں جبکہ ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں بھی زیادہ تر مندی دیکھی گئی۔ رپورٹس کے مطابق امریکی فوج نے ایران کے جنوبی شہر بندر عباس میں ایک کنٹرول سینٹر کو نشانہ بنایا جبکہ 4 ایرانی ڈرونز کو بھی مار گرانے کا دعویٰ کیا گیا۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں دفاعی نوعیت کی تھیں اور ان کا مقصد جنگ بندی برقرار رکھنا تھا۔دوسری جانب ایرانی سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا کہ ایرانی فورسز نے آبنائے ہرمز میں موجود 4 بحری جہازوں پر فائرنگ کی، جبکہ کویت نے بھی میزائل اور ڈرون حملوں کے خلاف اپنے فضائی دفاعی نظام کو متحرک کرنے کی تصدیق کی ہے۔ ان تازہ کشیدگیوں کے بعد عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمت میں 1.8 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 95.95 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت 1.7 فیصد اضافے کے بعد 90.17 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *