پاکستان نیوز پوائنٹ
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار دو روزہ سرکاری دورے پر چین روانہ ہوگئے ہیں، جہاں وہ شنگھائی میں منعقد ہونے والی ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کانفرنس 2026 اور ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کوآپریشن آرگنائزیشن کے قیام کی دستخطی تقریب میں شرکت کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار چینی وزیر خارجہ وانگ یی کی دعوت پر وفد کے ہمراہ شنگھائی کا دورہ کر رہے ہیں۔ وہ ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کوآپریشن آرگنائزیشن کے قیام کی دستخطی تقریب میں بطور بانی رکن پاکستان کی جانب سے معاہدے پر دستخط کریں گے۔ ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کانفرنس 2026 کی افتتاحی تقریب اور “عالمی اے آئی گورننس” سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے، جہاں وہ مصنوعی ذہانت کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔ دورے کے دوران نائب وزیراعظم کی چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے دوطرفہ ملاقات بھی ہوگی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات اور مختلف علاقائی و عالمی معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اپنے خطاب میں عالمی سطح پر مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجیز تک منصفانہ رسائی، استعدادِ کار میں اضافے اور اے آئی کے شعبے میں جامع بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیں گے
