پاکستان نیوز پوائنٹ
صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا جنوبی ایشیا میں پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے پر امن حل سے جڑا ہوا ہے، عالمی برادری مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے،بھارت کے غیر قانونی اقدامات کشمیر کی متنازعہ حیثیت تبدیل نہیں کر سکتے،پاکستان کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔وزیراعظم محمد شہبازشریف نے یوم استحصال کشمیر پر پیغام میں کہا کہ مودی سرکار کے اقدامات نے بھارتی ریاستی جبر میں اضافہ کیا، مشکلات کے باوجود کشمیری عوام کا حوصلہ، استقامت اور ثابت قدمی آج بھی غیر متزلزل ہے۔محمد شہبازشریف نے کہا کہ جموں و کشمیر کا تنازع جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کیلئے سب سے بنیادی اور دیرینہ حل طلب مسئلہ ہے، خطے میں پائیدار امن، طاقت کے استعمال یا یکطرفہ اقدامات سے ممکن نہیں، خطے میں امن تنازع کے منصفانہ اور پرامن حل سے ہی ممکن ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ عالمی برادری محض تشویش کے اظہار تک محدود نہ رہے، دنیا کو تنازع کے منصفانہ اور دیرپا حل کیلئے ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا، جموں و کشمیر کے تنازع کا منصفانہ اور پر امن حل پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔
