پاکستان نیوز پوائنٹ
یوگنڈا کی تورو سلطنت میں سابق ٹی وی نیوز اینکر ایڈورڈ روکیدی کیجانانگوما کو منگل کو روایتی رسومات کے دوران بادشاہ بنا دیا گیا، جسکے ساتھ آنجہانی بادشاہ اویو نیمبا کی جانشینی پر کئی ہفتوں سے جاری تنازع بھی ختم ہوگیا۔56 سالہ کیجانانگوما نے بادشاہ کا نیا نام ‘‘ایڈورڈ روکیدی نیابونگو اول’’اختیار کیا ہے اور وہ باتورو عوام کے 13ویں بادشاہ بن گئے ۔تاجپوشی کی روایتی تقریب میں بیل کی قربانی اور مرغی کے خون کا چھڑکاؤ بھی کیا گیا۔ نئے بادشاہ نے نصف شب سے صبح تین بجے کے درمیان پیدل چل کر کاروزیکا محل کا رخ کیا، جہاں تاج کیلئے علامتی جنگ بھی ہوئی۔ نوجوان روایتی لباس میں لاٹھیاں اور نیزے اٹھائے موجود تھے جبکہ بعض نے بادشاہ کے سامنے سجدہ کیا۔تقریب میں روایتی رقص اور ڈھول کی تھاپ کے ساتھ یوگنڈا کے صدر یوویری موسیوینی سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔اپنی پہلی تقریر میں نیابونگو اول نے کہا کہ انکے سامنے اپنے عوام کی ثقافت، روایات اور رسم و رواج کے تحفظ کیساتھ ساتھ اچھے طرزِ عمل کو فروغ دینے کی بڑی ذمہ داری ہے ۔نیابونگو اول نے بادشاہ بننے سے قبل سرکاری نشریاتی ادارے یو بی سی میں نیوز اینکر اور ایڈیٹر کے طور پر کام کیا۔ انکے سابق ساتھی انہیں سادہ مزاج اور عوام میں گھلنے ملنے والا شخص قرار دیتے ہیں
