پاکستان نیوز پوائنٹ
امریکی محکمہ خارجہ نے یوکرین کو 2 ارب 10 کروڑ ڈالر مالیت کے 500 پیٹریاٹ پی اے سی تھری میزائل فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ امریکی حکام کے مطابق میزائلوں کی خریداری کے لیے کینیڈا، جرمنی اور ناروے مالی معاونت فراہم کریں گے، جبکہ یورپی یونین کے یوکرین سپورٹ لون سے بھی فنڈز استعمال کیے جائیں گے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے بیان کے مطابق اتحادی ممالک کی مالی معاونت جے یو ایم پی اسٹارٹ پروگرام کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔میزائلوں کی فراہمی میں تاخیر کے باعث واشنگٹن اور کیف کے درمیان کشیدگی بڑھ رہی ہے۔ یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے رواں ہفتے کہا تھا کہ یوکرین اہم میزائلوں کی فراہمی کے لیے تقریباً ایک ماہ سے امریکی منظوری کا انتظار کر رہا ہے۔صدر زیلنسکی نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ موسم سرما سے قبل فضائی دفاعی میزائلوں کی فراہمی تیز کی جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ روس نے یوکرین کے توانائی کے نظام اور شہری تنصیبات پر حملے تیز کر دیے ہیں۔اتحادی ممالک کو بڑے پیمانے پر اسلحے کی فراہمی اور ایران میں امریکی فوجی کارروائیوں کے دوران ہتھیاروں کے استعمال کے باعث امریکی دفاعی میزائلوں کے ذخائر سے متعلق خدشات بھی سامنے آئے ہیں۔
Tags:
