پاکستان نیوز پوائنٹ
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے حیدرآباد میں سڑک کے بیچ کھمبوں کے معاملے پر وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سڑ ک کے بیچ کھمبے چھوڑنا ایک منصوبہ بندی تھی۔کراچی میں گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ حیدرآباد میں سڑک کے لیے چیف سیکرٹری نےکنٹونمنٹ بورڈ سے زمین کا حصول ممکن بنایا ۔ہم نے حیسکو کو پیسےجمع کروائے لیکن انہوں نے کھمبےنہیں ہٹائے، ہم نےسوچا کہ سڑک بنا دیتے ہیں پھر حیسکوپر پریشر آئےگا، یہ سب ایک مکمل منصوبہ بندی کا حصہ تھا، ہم نے سڑک تعمیر کی اور اس پر ٹریفک کی آمدورفت شروع کرادی، لوگوں نے اس پر پھر بات کرنا شروع کردی کہ آخر سڑک کے درمیان یہ کھمبے کیسے موجود ہیں؟ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اب مجھے معلوم ہوا ہےکہ آج 100 میں سے 25 کھمبے ہٹ گئے ہیں، اس سلسلے میں میڈیا اورسوشل میڈیا کا شکریہ جنہوں نے ہماری مدد کی کیونکہ وفاقی ادارے ہماری بات نہیں سنتے۔ وزیراعلیٰ نےمزید کہا کہ اس سڑک کا کام مکمل ہونےکے بعدحیدرآبادکے لوگوں کوبہت آسانی ہوگی۔
