پاکستان نیوز پوائنٹ
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہےکہ پالیسیاں بہتر بناکر اور عالمی سرمایہ کاری کو راغب کرکے پاکستان کے منرل سیکٹر کو مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ اسلام آباد میں پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان میں منرلز اور مائننگ سیکٹر میں بہت صلاحیت ہے، پالیسیاں بہتر بناکر اور عالمی سرمایہ کاری کو راغب کرکے پاکستان کے منرل سیکٹر کو مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے، عالمی سرمایہ کاروں کو منرل سیکٹرمیں سرمایہ کاری کےمواقع فراہم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنا وفاقی اورصوبائی حکومتوں کی ترجیحات ہیں، ملک میں ہنر اور ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے عالمی شراکت داریوں کو فروغ دے رہے ہیں، وزیر اعظم کی قیادت میں معدنی شعبے کو فروغ دیا جا رہا ہے جب کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر قومی سرمائے کے فروغ میں سہولیات فراہم کررہے ہیں۔ نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عالمی سرمایہ کاروں کو منرل سیکٹرمیں سرمایہ کاری کےمواقع میسر ہیں، بلوچستان پاکستان کا منرلز کا مستقبل ہے۔
