پاکستان نیوز پوائنٹ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (ایپک) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے چین کے شہر شینزن پہنچ گئے ہیں۔ائیر پورٹ پر چینی صدر شی جن پنگ نے خود ان کا پرتپاک استقبال کیا .جسے سیاسی مبصرین ’غیر معمولی‘ قرار دے رہے ہیں جبکہ پوری دنیا کی نظریں اس وقت ان 2 رہنماؤں اور روسی صدر پیوٹن کے درمیان ایپک اجلاس کے دوران ہونے والی ملاقات پر ہیں۔ تینوں ممالک اس ملاقات کی پہلے ہی تصدیق کر چکے ہیں۔ایپک کا 33 واں اجلاس آج سے چین کے شہر شینزن میں منعقد ہو رہا ہے جو کل بھی جاری رہے گا۔ اس اجلاس کا مرکزی عنوان ”مشترکہ خوشحالی کے لیے ایشیا پیسیفک کمیونٹی کی تعمیر“ ہے۔اجلاس میں ایشیا پیسیفک خطے کے 21 ممالک کے سربراہان اور اعلیٰ حکام شریک ہو رہے ہیں۔ ان میں چین، امریکہ، روس، جاپان، جنوبی کوریا، آسٹریلیا، کینیڈا، انڈونیشیا اور ملائیشیا جیسے اہم ممالک شامل ہیںامریکی صدر ٹرمپ سے ہونے والی تاریخی ملاقات سے قبل روسی اور چینی صدور نے امریکی پالیسیوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اپنا مؤقف واضح کر دیا ہے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق تینوں رہنماؤں کی ملاقات آج ہی شینزن میں ملاقات کریں گے، جس میں یوکرین جنگ، ایران کے خلاف امریکی جنگ، تجارت، مصنوعی ذہانت اور جوہری ہتھیاروں سمیت دیگر اہم عالمی امور زیرِ بحث آنے کا امکان ہے۔ایپک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چینی صدر شی جن پنگ نے ’تجارتی تحفظ پسندی‘ یعنی امریکا کی جانب سے زیادہ ٹیرف لگا کر مقامی مارکیٹ کو امپورٹس سے محفوظ بنانے کی ناجائز حکمت عملی کے خلاف کھڑے ہونے کے عزم کا اظہار کیا ہےاسی طرح روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے بھی اپنے خطاب میں امریکا کی دوسرے ممالک پر معاشی اور اقتصادی پابندیاں لگانے کی روش پر تنقید کرتے ہوئے انہیں ’غیر مؤثر‘ قرار دیا ہے۔شی جن پنگ نے اپنے خطاب میں آزادانہ تجارت، سرمایہ کاری اور عالمی سپلائی چین کے استحکام کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی تجارتی نظام کو ’تحفظ پسندی‘ اور یکطرفہ اقدامات سے بچانا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ چین اپنی صنعتی صلاحیتوں اور نئی ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری جاری رکھے گا، دوسرے ممالک کے لیے بھی مواقع پیدا کرے گا. محصولات میں کمی اور اپنی منڈیوں کو مزید کھولے گا۔ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا نے چین کو جدید مصنوعی ذہانت کے چپس تک رسائی محدود کرنے کے لیے مزید پابندیوں کا اعلان کیا ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان نازک تجارتی مفاہمت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ چین نے ان پابندیوں کے جواب میں کارروائی کا عندیہ دیا ہےدوسری جانب روسی صدر پیوٹن نے مغربی ممالک کی جانب سے عائد اقتصادی پابندیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے روس کمزور ہونے کے بجائے مزید مضبوط ہوا ہے۔پیوٹن نے مغربی طاقتوں کو ’سابقہ بالادست قوتیں‘ قرار دیا اور کہا کہ اقتصادی پابندیاں، محصولات اور برآمدی پابندیاں حریف ممالک کی ترقی روکنے یا ان کی معیشتوں کو تباہ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتیں۔انہوں نے عالمی صورت حال کو غیر مستحکم قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی معیشت تقسیم ہو رہی ہے اور فوجی و سیاسی خطرات بڑھ رہے ہیں. تاہم ممالک کے درمیان اختلافات مذاکرات کے ذریعے حل کیے جا سکتے ہیں۔تینوں رہنماؤں کی مجوزہ ملاقات کو 1945ء کی یالٹا کانفرنس سے بھی تشبیہ دی جا رہی ہے.جس میں امریکا، برطانیہ اور سوویت یونین نے دوسری جنگ عظیم کے بعد عالمی نظام اور اثر و رسوخ کے دائرے طے کیے تھے۔ اس مماثلت پر چھوٹی معیشتوں، خصوصاً یورپی اور ایشیائی ممالک میں خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ بڑی طاقتیں ان کے مفادات کو نظرانداز کرتے ہوئے فیصلے کر سکتی ہیں۔تاہم روس نے یالٹا کانفرنس سے موازنہ مسترد کرتے ہوئے اسے سیاسی تجزیہ کاروں کی قیاس آرائیاں قرار دیتے ہوئے کہا کہ مجوزہ ملاقات عالمی امور پر نمایاں اثر ڈال سکتی ہے۔ چین نے بھی اس سہ فریقی ملاقات کو غیر معمولی اہمیت کا حامل قرار دیا ہے۔ادھر ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن سے ممکنہ ملاقات کا عندیہ بھی دیا. تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوئی۔ منگل کو تائیوان اور جاپان نے اپنی فضائی حدود میں روسی طیاروں کی مداخلت کی شکایات بھی کی تھیں۔چین پہنچنے سے قبل صدر ٹرمپ نے منیلا میں آسیان سربراہی اجلاس اور امریکا، بھارت، جاپان اور آسٹریلیا کے کواڈ رہنماؤں کی ملاقات میں شرکت کی

