پاکستان نیوز پوائنٹ
پاکستان کے وزیرِ دفاع خواجہ آصف نیکہا ہے کہ اسرائیل انسانیت کے لیے ایک ناسور بن چکا ہے۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے مکمل بیان میں کہا ہے کہ اسلام آباد میں امن مذاکرات جاری ہونے کے باوجود لبنان میں نسل کشی جاری ہے اور معصوم شہریوں کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے،پہلے غزہ، پھر ایران اور اب لبنان میں خونریزی کا سلسلہ بلا تعطل جاری ہے۔ خواجہ آصف نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ امید اور دعا کرتے ہیں کہ فلسطینی سرزمین پر قائم اس ریاست کے قیام کے ذمہ دار افراد اپنے انجام کو پہنچیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس صورتحال کا نوٹس لے اور معصوم جانوں کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کرے۔ خواجہ آصف نے قدس نیوز نیٹ ورک کی یہ پوسٹ بھی ری پوسٹ کی جس میں بتایا گیا تھا کہ بیروت کے علاقے طلت الخیاط میں اسرائیلی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں لبنانی شاعرہ خاتون سلمیٰ اور ان کے شوہر جاں بحق ہو گئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق حملہ ایک رہائشی عمارت پر کیا گیا، جس کے باعث مزید شہریوں کے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ انسانی حقوق کی تنظیمیں اس واقعے کی شدید مذمت کر رہی ہیں۔
