پاکستان نیوز پوائنٹ
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ افغان حکومت نے پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنا کر سرخ لکیر پار کر دی ہے۔ انہوں نے پاکستان کے شہری علاقوں پر افغان طالبان کی جانب سے مبینہ ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت کے ذریعے افغانستان میں قائم غیر قانونی حکومت مسلسل اپنی ذمہ داریوں سے فرار ہو رہی ہے۔صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ افغان حکومت دہشت گرد گروہوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم نہ کرنے سے متعلق اپنی یقین دہانیوں کو نظر انداز کر رہی ہے۔ ان کے مطابق اب اس حکومت کی جانب سے اسلامی دنیا کی ایک بڑی فوجی طاقت کو چیلنج کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو خطے کے امن کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک جانب افغان حکومت دوست ممالک کے ساتھ مذاکرات کی کوششیں کر رہی ہے جبکہ دوسری جانب پاکستان کے شہریوں کو نشانہ بنا کر حالات کو مزید کشیدہ بنا رہی ہے۔ صدر مملکت کے مطابق پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے مسلسل کوششیں کر رہا ہے۔
