امریکا اور اسرائیل کی طرف سے ایران پر مسلط کی گئی جنگ کے دوران روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کا بڑا اور اہم بیان سامنے آ گیا ہے

پاکستان نیوز پوائنٹ
امریکا اور اسرائیل کی طرف سے ایران پر مسلط کی گئی جنگ کے دوران روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کا بڑا اور اہم بیان سامنے آ گیا ہے۔ روئٹرز کے مطابق کریملن نے ہفتے کے روز بتایا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ایرانی قیادت کو نوروز کی مبارک باد دی اور کہا کہ ماسکو تہران کا ایک وفادار دوست اور قابلِ اعتماد شراکت دار بنا رہے گا۔ کریملن کے بیان میں کہا گیا کہ پیوٹن نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ اور ایرانی صدر مسعود پزیشکیان کو ایرانی نئے سال (نوروز) پر مبارک باد بھیجی، اور کہا ’’ولادیمیر پیوٹن نے ایرانی عوام کے لیے خواہش ظاہر کی کہ وہ ان سخت آزمائشوں کا باوقار طریقے سے مقابلہ کریں، اور اس بات پر زور دیا کہ اس مشکل وقت میں ماسکو تہران کا ایک وفادار دوست اور قابلِ اعتماد شراکت دار بنا رہے گا۔‘‘ روس کا کہنا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں نے پورے مشرق وسطیٰ کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے اور ایک بڑے عالمی توانائی بحران کو جنم دیا ہے، جب کہ پیوٹن نے ایرانی سپریم لیڈر کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے اسے ’’سنگ دلانہ‘‘ قتل قرار دیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *