پاکستان نیوز پوائنٹ
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم کو پاور سیکٹر روڈمیپ اور جاری اصلاحاتی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے بجلی کی ترسیل کار کمپنیوں اور پیداواری کمپنیوں کی نجکاری کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مسابقت پر مبنی بجلی کی مارکیٹ کا قیام ملک کے توانائی مسائل کا پائیدار حل ہے۔ اجلاس میں بجلی کی ترسیل کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے جاری ترقیاتی منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔ حکام کے مطابق 500 کے وی غازی بروتھا سے فیصل آباد ٹرانسمشن لائن کا پی سی ون منظوری کے مراحل میں ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ آئیسکو، فیسکو اور گیپکو کی نجکاری کے حوالے سے اقدامات جاری ہیں اور اس سلسلے میں ایکسپریشن آف انٹرسٹ جلد جاری کیے جائیں گے۔ وزیراعظم نے بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹم کے منصوبے پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کام شروع کرنے کی ہدایت دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس منصوبے کی کنسیپٹ کلیئرنس منظور ہو چکی ہے جبکہ فیزیبیلیٹی اسٹڈی جاری ہے۔ اجلاس میں درآمدی کوئلے پر چلنے والے بجلی گھروں کو تھر کول پر منتقل کرنے کے منصوبے، مسابقتی بجلی کی مارکیٹ کی آپریشنلائزیشن اور لائن لاسز میں کمی سے متعلق پیشرفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وفاقی وزراء، مشیران اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
