پاکستان نیوز پوائنٹ
امریکا میں ایک حیران کن واقعے میں ایک شخص کو 44 سال بعد اپنی گمشدہ انگوٹھی واپس مل گئی، جس نے سب کو چونکا دیا۔ مسیسیپی سے تعلق رکھنے والے ڈیریئن لیڈنر نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ 1982 میں وہ پاس کرسچین کے ساحل پر ایک پارٹی میں شریک تھے جہاں ان کی پاس کرسچین ہائی اسکول کی کلاس رنگ گم ہو گئی تھی۔ انہوں نے انگوٹھی کی بھرپور تلاش کی، حتیٰ کہ اسسٹنٹ پرنسپل کے ساتھ میٹل ڈیٹیکٹر کے ذریعے بھی ساحل چھانا، مگر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ ڈیریئن لیڈنر کے مطابق حال ہی میں انہیں فیس بک پر سیمی جیویل نامی شخص کا پیغام موصول ہوا، جس میں بتایا گیا کہ وہی گمشدہ انگوٹھی مل گئی ہے۔ یہ خبر سن کر وہ حیرت زدہ رہ گئے اور یقین نہ کر سکے کہ تقریباً چار دہائیوں بعد ان کی یادگار انگوٹھی واپس آ گئی ہے۔ مزید حیران کن بات یہ تھی کہ انگوٹھی اسی مقام سے ملی جہاں وہ برسوں پہلے کھوئی تھی، جسے ڈیریئن نے زندگی کا ایک ناقابلِ یقین اور جذباتی لمحہ قرار دیا۔
