بھارت نے دوبارہ جارحیت کی تو پہلے سے زیادہ سخت جواب دیں گے خواجہ آصف

پاکستان نیوز پوائنٹ
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت کی جنگی بیان بازی حالیہ شکست کی خفت کا نتیجہ ہے اور اگر بھارت نے دوبارہ کسی قسم کی جارحیت کی کوشش کی تو پاکستان پہلے سے زیادہ سخت جواب دے گا۔اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف پراکسی جنگ کے لیے استعمال کرنا قابل قبول نہیں۔ انہوں نے افغان حکومت پر زور دیا کہ وہ دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کو یقینی بنائے۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بھارت آزاد کشمیر میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے جبکہ کشمیر سے متعلق اشتعال انگیز بیانات بھارتی بیانیے کی عکاسی کرتے ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ برطانیہ میں موجود بعض عناصر بھی بھارتی ایجنڈے کو تقویت دینے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم ایسے اقدامات سے کشمیری عوام کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے۔خواجہ آصف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام آج بھی پاکستان کے ساتھ اپنی وابستگی کا اظہار کر رہے ہیں اور بھارتی مظالم کے باوجود ان کے حوصلے بلند ہیں۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کو آزادی کی قدر کرنی چاہیے کیونکہ پاکستان نے مسئلہ کشمیر کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ وفاقی وزیر دفاع نے واضح کیا کہ قومی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *